
پاکستان کے وزير داخلہ رحمان ملک کي صدر احمدي نژاد سے ملاقات:
پاک ايران تعلقات انتہائي پائيدار اور مستحکم ہيں-
صدر احمدي نژاد نے پاک ايران تعلقات کو پائيدار اور دوستانہ قرار ديتے ہوئے اميد ظاہر کي ہے کہ دونوں ممالک کے حکام کي کوششوں سے دوطرفہ روابط مزيد مستحکم بنائے جا سکتے ہيں۔
تفصيلات کے مطابق صدر مملکت جناب ڈاکٹر احمدي نژاد اور پاکستان کے وزير داخلہ نے ملاقات کے دوران تہران ۔ اسلام آباد کے درميان سيکورٹي معاہدے پر دستخط کئے ہيں-
اس ملاقات ميں صدر احمدي نژاد نے سيکوريٹي کے لحاظ سے ايران اور پاکستان کي مشکلات کو مشترک اور بيروني ممالک کي مداخلت کا نتيجہ قرار ديتے ہوئے کہا کہ ايران– اسلام آباد کے سيکوريٹي معاہدے سے دونوں ملکوں سميت پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔
صدر مملکت نے پاک ايران مشترکہ منصوبوں بالخصوص بجلي اور گيس منصوبوں پر عملدرآمد کےلئے ايراني اور پاکستاني حکام کي کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامي جمہوريہ ايران اپنے ہمسايہ اور دوست ملک کو توانائي کے بحران سے نکالنے کيلئے ہر ممکن مدد کرے گا۔
اس دوران پاکستان کے وزيرداخلہ جناب رحمان ملک نے دونوں ممالک کے درميان سيکورٹي معاہدے پر خوشي کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ، اسلامي جمہوريہ ايران کو اپنا سچا دوست سمجھتا ہے جس نے نازک حالات پر ہميشہ پاکستان کا ساتھ ديا ہے-
ڈاکٹر احمدي نژاد نے پاکستان ميں دہشتگردي اور امريکي ڈرون حملوں کو اس ملک کے عوام اور حکومت کي سب سے بڑي پريشاني قرار ديتے ہوئے اس بات پر زور ديا کہ خطے ميں امن و امان کي بحالي کے لئے علاقائي ممالک کا تعاون ضروري ہے۔