
ملک کے ممتاز اور بہترين صلاحيتوں کے حامل جوانوں کے چھٹے فيسٹيول کے موقع پر صدر کا خطاب:
حکومت ملک کے اختيارات ممتاز جوانوں کے ہاتھ ميں دينا چاہتي ہے-
صدر مملکت جناب ڈاکٹر احمدي نژاد نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے اختيارات ممتاز جوانوں کے ہاتھ ميں دينا چاہتي ہے۔
يہ بات صدر احمدي نژاد نے آج منگل کي شام ملک کے ممتاز اور بہترين صلاحيتوں کے حامل جوانوں کے چھٹے فيسٹيول کے موقع پر ايک تقريب سے خطاب کے دوران کہي-
ڈاکٹر احمدي نژاد نے کہا کہ ممتاز اور بہترين صلاحيتوں کے حامل جوان ملک کا قيمتي سرمايہ ہيں جو ملک کي تعمير و ترقي ميں بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہيں۔
ڈاکٹر احمدي نژاد نے کہا کہ اجتماعي اور معاشرتي عوامل انسان کي زندگي پر ضرور اثرانداز ہوتے ہيں ليکن انسان کا مستقبل اسکے اپنے ہاتھ ميں ہے کيونکہ اللہ تعاليٰ نے انسان کو خود مختار پيدا کرکے اسے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے اور انہوں نے انسان کے کمال و ترقي ميں کوئي محدوديت نہيں رکھي- اگر انسان چاہے تو وہ عروج و کمال کے مدارج طے کرتا ہوا اللہ تعاليٰ کي صفات کا مظہر بن سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ايراني جوان نہايت بہتر انداز ميں عالمي نظام چلانے کي صلاحيت رکھتے ہيں، اس حوالے سے ان ميں ٹيلنٹ اور استعداد کي کوئي کمي نہيں ہے؛ صرف انہيں خود اعتمادي کا مظاہرہ کرنا پڑے گا-
ڈاکٹر احمدي نژاد نے کہا کہ ہميں ملک کے اندر ايک ايسے اجتماعي اور معاشرتي نظام کي بنياد رکھني چاہيے جس ميں جوانوں کے اندر چھپي ہوئي صلاحيتيں خود بخود ابھر کر سامنے آجائيں تاکہ معاشرے کي تعمير و ترقي ميں ان سے فائدہ اٹھايا جا سکے۔