
فلم سازوں کے بين الاقوامي سمينار سے صدر کا خطاب :
موجودہ سماجي اور اجتماعي نظام ميں تبديلي ناگزير ہے
صدر احمدي نژاد نے موجودہ عالمي نظام پر تنقيد کرتے ہوئے اسے فرسودہ نظام قرار ديا ہے اور کہا کہ موجودہ سماجي اور اجتماعي نظام ميں تبديلي ناگزير ہے۔
تفصيلات کے مطابق صدر احمدي نژاد نے آج بدھ کي شام دارالحکومت تہران ميں فيلم سازوں کے بين الاقوامي سيمينار سے خطاب کيا-
خطاب کے دوران صدر احمدي نژاد نے اس بات کي طرف اشارہ کيا کہ موجودہ عالمي نظام سے ساري اقوام نالاں ہيں اور في الفور اس نظام ميں تبديلي چاہتے ہيں-
انہوں نے کہا کہ نظام ميں تبديلي لانے کے نام پر گذشتہ تاريخ ميں بہت سي ايسي تحريکيں اٹھي ہيں جو بعد ميں شکست سے دوچار ہوئيں ہيں، لہذا اس حوالے سے دو چيزوں کي طرف خاص توجہ ديني چاہيے۔ سب سے پہلے ہميں اس بات کا تجزيہ کرنا چاہيے کہ عوام موجودہ عالمي نظام سے کيوں نالاں ہيں؟ دوسرا ہميں يہ طے کرنا چاہيے کہ ہم اس نظام ميں کيا تبديلي لانا چاہتے ہيں؟
انہوں نے کہا کہ اگر ان دو باتوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بہترين حکمت عملي اپنائي جائے تو يقينا ہم اپنے مقصد ميں کامياب ہو سکتے ہيں-
صدر احمدي نژاد نے اس بات پر زور ديا کہ عوام حکمفرما سامراجي نظام ميں تبديلي لانے کے حوالے سے مؤثر کردار ادا کر سکتے ہيں-
انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکلات چند تسلط پسند استعماري حکمرانوں نے اپنے سامراجي اغراض و مقاصد تک پہنچنے کيلئے پيدا کئے ہيں لہذا موجودہ مشکلات کو دور کرنے کيلئے ہميں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔