
کامبوج کے وزير اعظم کي صدر احمدي نژاد کے ساتھ ملاقات:
اسلامي جمہوري ايران اور کامبوج کے درميان اقتصادي روابط کے فروغ پر زور
صدر مملکت جناب ڈاکٹر احمدي نژاد نے کہا ہے کہ اسلامي جمہوريہ ايران اور کامبوج کے درميان اقتصادي روابط بڑھانے کے کافي مواقع موجود ہيں جن سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہيے۔
تفصيلات کے مطابق صدر احمدي نژاد نے آج جمعرات کو غير وابستہ تحريک کے سولہويں سربراہي اجلاس کے موقع پر کامبوج کے وزير اعظم کے ساتھ ملاقات ميں اس بات پرزور ديا ہے کہ اسلامي جمہوريہ ايران اور کامبوج کے درميان عرصہ دراز سے کافي دوستانہ روابط چلے آئے ہيں اور اب دونوں ملکوں کے درميان موجودہ روابط کو مزيد فروغ دينے کي ضرورت ہے۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درميان اقتصادي مواقع تلاش کرنے کيلئے ايک مشترکہ ٹيم تشکيل دينے کي ضرورت پر زور ديتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے ميں دونوں ملکوں سے اقتصادي ماہرين کي ايک مشترکہ ٹيم تشکيل ديني چاہيے جو اقتصادي روابط ميں حائل رکاؤٹوں کا تفصيلي جائزہ لے سکيں-
انہوں نے کہا کہ اسلامي جمہوريہ ايران؛ کامبوج کے ساتھ روابط کي توسيع ميں کسي محدوديت کا قائل نہيں ہے۔
کامبوج کے وزير اعظم جناب ہون ساين نے تہران ميں منعقد ہونے والے غير وابستہ تحريک کے سولہويں اجلاس ميں شرکت پر خوشي کا اظہار کيا اور کہا کہ اسکا ملک اسلامي جمہوريہ ايران کے ساتھ اقتصادي اور تجارتي روابط بڑھانے کو خاصي اہميت ديتا ہے۔