
اولمپکس ميں ميڈلز جيتنے والے کھلاڑيوں سے تجليل کے سلسلے ميں منعقدہ تقريب سے صدر کا خطاب :
مختلف بين الاقوامي ميدانوں ميں ايراني کھلاڑيوں کي شرکت کيلئے راہ ہموار کرني چاہيے تاکہ وہ عالمي سطح پر ملک کا نام روشن کرسکيں
تفصيلات کے مطابق آج ہفتہ کي شام لندن اولمپکس ميں شاندار کارکردگي پيش کرتے ہوئے ميڈلز جيتنے والے کھلاڑيوں سے تجليل کے سلسلے ميں ايک عظيم الشان تقريب کا اہتمام ہوا، تقريب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت جناب ڈاکٹر احمدي نژاد نے کہا کہ موجودہ حکومت ايراني کھلاڑيوں کي پشت پناہي اور حمايت جاري رکھي گي-
انہوں نے اس بات پر زور ديا کہ مختلف بين الاقوامي ميدانوں ميں ايراني کھلاڑيوں کي شرکت کيلئے راہ ہموار کرني چاہيے تاکہ وہ عالمي سطح پر ملک کا نام روشن کر سکيں۔
انہوں نے اس شاندار کارکردگي پر تمام متعلقہ افراد کا شکريہ ادا کيا اور کہا کہ ايراني جوانوں نے ايک مرتبہ پھر يہ ثابت کر ديا کہ ايراني قوم کي ترقي کي راہ ميں کوئي چيز بھي حائل نہيں بن سکتي اور انشاء اللہ ترقي و کاميابي کا يہ سفر جاري ہي رہے گا۔
صدر احمدي نژاد نے محکمہ کھيل اور اولمپکس کميٹي پر زور ديا کہ وہ آيندہ المپيک اور ايشيائي کھيلوں کے مقابلوں کيلئے ابھي سے تياري شروع کر ديں-
انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلا ٹارگٹ ايشياء ميں دوسري پوزيشن حاصل کرنا اور اولمپکس مقابلوں ميں ٹاپ ٹين ميں جگہ بنانا ہے اور اس سلسلے ميں حکومت کھلاڑيوں کي ہر طرح سے حمايت اور سپورٹ جاري رکھے گي۔