
صدر احمدي نژاد نے ماہشہر ميں تين بڑے پٹروکميکل کارخانوں کي افتتاحيہ تقريب کے موقع پر کہا:
ہمارے لئےعلم و ٹيکنالوجي کے ميدانوں ميں پيشرفت حاصل کرنا خرمشہر کي آزادي سے مشکل کام نہيں ہے
صدرِمملکت نے کہا کہ ہمارے لئےعلم و ٹيکنالوجي کے ميدانوں ميں پيشرفت حاصل کرنا خرمشہر کي آزادي سے مشکل کام نہيں ہے ليکن ہمارے جوانوں کو عزم اور ہمت کے ساتھ ملکي وقار اور ترقي کي جانب قدم بڑھانا ہوگا۔
ڈاکٹر احمدي نژاد نے ماہِ رجب اور خرمشہر کي آزادي کے بابرکت ايام ميں ايران کے جنوبي شہر ماہشہر ميں تين بڑے پٹروکميکل کارخانوں کا افتتاح کيا، افتتاحيہ تقريب سے خطاب کےدوران صدر احمدي نژاد نے خرمشہر کي آزادي کو عظيم اور تاريخ ساز واقعہ قرار ديتے ہوئے کہا کہ تيس سال پہلے ايران کي عظيم اور غيور قوم امام خميني (رہ) کي بابصيرت قيادت کے زيرِ سايہ اپنے اعتقادات اور ثقافت کي پاسداري ميں استعماري سازشوں کے خلاف اٹھ کھڑي ہوئي اور سامراج کے سارے منصوبے خاک ميں ملا ديے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ايران کو شکست دينےکے لئے تمام شيطاني اور مادي طاقتيں ايک ساتھ جمع ہوچکي تھي ليکن ايران کے غيور عوام نے اللہ تعاليٰ پر توکل اور بھروسہ کرتے ہوئے مثالي مقاومت پيش کي اور اللہ تعاليٰ کے فضل وکرم سے کو ان تمام شيطاني طاقتوں کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
صدرِ مملکت نے خرمشہر کي آزادي کو تمام الٰہي اقدار کي فتح اور تمام شيطاني طاقتوں کي شکست سے تعبير کيا اور کہا کہ خرمشہر کي آزادي کے بعد پوري دنيا ميں ملت ايران کي ايسي عظمت قائم ہوئي کہ تيس سال گزرنے کے باوجود تسلط پسند طاقتيں ابھي تک لرزہ بہ اندام ہيں اور ان پر ہيبت اور بے چيني کي کيفيت طاري ہے۔
ڈاکٹر احمدي نژاد نے کہا کہ اس وقت جب خرمشہر کي آزادي کے دور دور تک کچھ آثار ديکھائي نہيں دے رہے تھے بلکہ خرمشہر کي آزادي ناممکن ديکھائي دے رہي تھي ايراني جوانوں نے ايثار اور فداکاري کے نتيجے ميں اس ناممکن کو ممکن بنا ديا تھا تو علم و ٹيکنالوجي کے ميدان ميں کاميابي حاصل کرنا ايران کے پُر عزم جوانوں کيلئے کوئي مشکل کام نہيں ہے۔