
ڈاکٹر احمدي نژاد کے ساتھ آذربايجان کے وزيرِ دفاع کي ملاقات:
حاليہ واقعات سے ايران اور آذربايجان کے درميان تعلقات متاثر نہيں ہونگے
ڈاکٹر احمدي نژاد نے آذربايجان کے وزيرِ دفاع کے ساتھ ملاقات ميں اس بات پر زور ديا کہ دونوں ممالک کے آپس ميں گہرے اور دوستانہ تعلقات ہيں جو کسي صورت ميں بھي متاثر نہيں ہو سکتے۔
ڈاکٹر احمدي نژاد نے آج (پير) آذربايجان کے وزيرِ دفاع کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ اسلامي جمہوريہ ايران نے ہميشہ آذربايجان کے استقلال اور خودمختاري کا احترام کيا ہے اور مستقبلِ بعيد سے ليکر اب تک ہمارے درميان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات چلے آئے ہيں، انہوں نے کہا کہ ہميں دشمنوں کے فتنوں سے ہوشيار رہنا چاہيے کيونکہ وہ ذاتي مفادات کي خاطر ہمارے درميان معمولي اختلافات کو ہَوا ديکر دو طرفہ تعلقات ميں بگاڑ پيدا کرنے کوششيں کر رہے ہيں۔
انہوں نے کہا کہ ہميں اس بات پر مکمل اطمينان اوربھروسہ ہے کہ آذربايجان کے خاک سے ہمارے خلاف کوئي کاروائي نہيں ہوگي کيونکہ ہماري دوستي بنيادي اصولوں پر قائم ہے اور اسلامي جمہوريہ ايران آذربايجان کي ترقي کو آپني ترقي سمجھتا ہے جبکہ ہماري خارجہ پاليسي بھي دونوں ممالک کے سربراہوں کے درميان باہمي مذاکرات اور گفتگو کے نتيجے ميں تيار ہوتي ہے لہذا اجنبي ممالک کي مداخلت سے ہمارے تعلقات ہرگز متاثر نہيں ہونگے-
انہوں نے دوطرفہ تعلقات ميں فروغ کي ضرورت پر زور ديتے ہوئے کہا کہ اس سے پورے خطے پر اچھے اثرات مرتب ہونگے۔
آذربايجان کے وزير دفاع جناب صفر ابي اف نے ڈاکٹر احمدي نژاد کے ساتھ ملاقات پر خوشي کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درميان باہمي تعاون کے فروغ پر زور ديا اور کہا کہ ہمارے دوستانہ تعلقات پر اجنبي ممالک کي مداخلت سے کوئي آنچ نہيں آئے گي، اور يقين دلايا کہ آذربايجان کسي بھي ملک کو ايران کے خلاف اپني سرزمين استعمال کرنے کي اجازت نہيں دے گا۔