
ڈاکٹر احمدي نژاد نے وحدتِ اسلامي کانفرنس کے موقع پر کہا :
ہميں تسلط پسند سامراجي عناصر کا خطے کو دوبارہ اپني گرفت ميں لانے کے حوالے سے سازشوں سے ہوشيار رہنا چاہيے
صدرِ مملکت جناب ڈاکٹر احمدي نژاد نے اس بات کي طرف اشارہ کيا کہ استعماري طاقتيں ذرائعِ ابلاغ، ثروت، طاقت اور بعض آلہ کار عناصر کے توسط سے دوبارہ خطے کو اپني گرفت ميں ليکر صيہوني حکومت کيلئے راستہ ہموار کرنا چاہتے ہيں لہذا ملتِ اسلاميہ کو ان سازشوں سے مکمل ہوشيار رہنا چاہيے۔
ڈاکٹر احمدي نژاد نے آج(بدھ)بين الاقومي وحدتِ اسلامي کانفرنس کے افتتاحي تقريب سے خطاب کے دوران يکتاپرستي اور عدالت کو پوري ملتِ اسلاميہ بلکہ پوري انسانيت کے اتحاد کا محور قرار ديا اور کہا کہ اللہ تعاليٰ نے انسان کے کندھوں پر عظيم ذمہ دارياں عائد کي ہيں جنہيں نبھانے کيلئے ہم سب کو سعي و تلاش کرنا چاہيے اور"مجمع جہاني تقريبِ اسلامي" نےاس سلسلے ميں روشن خيالي اور تدبر کے ساتھ توحيد اور عدالت پر مبني افکار کو ايک پليٹ فارم پر اکھٹا کرنے کي کوشش کي ہے ۔
انہوں نے عالمي حالات کو وحشت ناک قرار ديتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمي حالات سے کوئي شخص بھي راضي نہيں ہے کيونکہ دنيا کے 7ارب انسانوں ميں سے 3ارب سے زائد فقر کي زندگي گزار رہے ہيں جن ميں اکثر فاقہ کشي پر مجبور ہيں، ہر جگہ ظلم و ستم کا بازار گرم ہے سامرجي طاقتيں ڈيموکرسي کے بہانے 70 ميلين بے گناہ افراد کا خون بہاچکے ہيں ، انہوں نے کہا کہ جب بھي ان تسلط پسندسامراجي طاقتوں کے پاس اپنے بے بنياد پاليسيوں کيلئے جواز فراہم کرنے کيلئے کچھ نہيں ہوتا تو يہ بندوق کے زور پر اپني بات منوانے کي کوشش کرتے ہيں ليکن انہيں خبردار رہنا چاہيے کہ جو بات بھي بندوق کے زور پر زبردستي منوائي جائے وہ زيادہ دير تک نہيں رہتي
انہوں نے کہا کہ اللہ تعاليٰ نے انسان کو بيہودہ خلق نہيں کيا ہے بلکہ انسان کي سعادت کيلئے راہنما اور منظم اصول و قوانين بھيجے ہيں لہذا انسان کے تمام مشکلات کا حل اس ميں ہے کہ وہ اللہ تعاليٰ کے تعيين کردہ رہنماؤں کے فرامين کي روشني ميں ان اصول اور قوانين پر عمل کرے۔
انہوں نے مزيد کہا کہ موجودہ انسانوں کے تمام مشکلات کا سبب يہ ہے کہ يہ اللہ تعاليٰ کے قوانين کے سامنے سرِجھکانے کي بجائے طاقت، ثروت اور نفساني خواہشات کي پوجا کر رہے ہيں، انہوں نے کہا کہ دشمن کي ہميشہ يہ کوشش رہي ہے کہ وہ فرقہ واريت کو ہَوا ديکر امتِ مسلمہ کے درميان اختلافات پيدا کرے ليکن يہ ہرگز اپنے ناپاک عزايم ميں کامياب نہيں ہو سکتے۔